ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کرناٹک انتخابات؛ بھٹکل حلقہ کے لئے جے ڈی ایس نے ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک پرلگائی مہر

کرناٹک انتخابات؛ بھٹکل حلقہ کے لئے جے ڈی ایس نے ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک پرلگائی مہر

Wed, 12 Apr 2023 21:03:03    S.O. News Service

بھٹکل :12؍اپریل (ایس اؤ نیوز ) بھٹکل ۔ ہوناور ودھان سبھا حلقہ کے لئےکانگریس اور بی جےپی کے امیدواروں کے اعلان کے بعد آج جےڈی ایس نے ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک کے نام پر مہر لگادیا، جس کے ساتھ ہی جے ڈی ایس کے امیدوارکو لےکر چل رہی چہ مئگوئیاں ختم ہوگئیں۔ کمٹہ میں اپنی آمد کے دوران سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے اعلان کیا کہ بھٹکل ۔ ہوناور ودھان سبھا حلقہ میں جے ڈی ایس کی طرف سے ہائی کورٹ کے وکیل ناگیندرنائک اُمیدوار ہوں گے۔

کمٹہ۔ہوناور اسمبلی حلقہ سے جےڈی ایس کے امیدوارسورج سونی کی حمایت میں منعقدہ انتخابی پروگرام میں شریک ہزاروں عوام کے سامنے کمار سوامی نے جہاں سورج سونی کے لئے ووٹ مانگا وہیں ڈائس پر ان کے قریب ہی کھڑے ہوئے ناگیندرا نائک کو بھٹکل ہوناور حلقہ سے  بطور جے  ڈی ایس امیدوارنامزد کیا۔

واضح رہےکہ کانگریس کی طرف سے اُمیدوار کا اعلان ہونے کے بعد سب کی نگاہیں جے ڈی ایس پر ٹکی ہوئی تھیں کہ آخر جے ڈی ایس کی طرف سے عنایت اللہ شاہ بندری اُمیدوار ہوں گے، یا سنیل نائک ہوں گے یا پھر ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک کا انتخاب ہوگا، مگر جیسے ہی بی جے پی نے سنیل نائک کو اپنا اُمیدوار ہونے کا اعلان کیا، کماراسوامی نے ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک کو اپنا اُمیدوار ہونے کا اعلان کردیا۔ 

جے ڈی ایس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ  کمار سوامی نے عوامی ہجوم سے خطاب کرتےہوئے جے ڈی ایس کے انتخابی منشور میں درج مختلف اسکیموں اور منصوبوں کاتعارف کرایا ۔ انہوں نے کہاکہ اگرریاست میں جے ڈی ایس کی حکومت بنتی ہے اور میں  وزیر اعلیٰ  بنتاہوں تو ضلع میں ملٹی اسپیشالٹی اسپتال تعمیر کیاجائےگا، کسانوں کےلئے آب پاشی کی سہولیات دی جائیں گی اسی طرح  استری شکتی سنگھوں کے قرضے معاف کئے جائیں گے۔ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ، سڑکوں کی درستگی ، پینے کے پانی کی سپلائی سمیت جو بھی کام ہونگے وہ سب  نافذ کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ میں  جس طرح ہمارے امیدوار سورج سونی عوام سے مسلسل رابطہ بناتےہوئے عوامی مسائل کو حل کرنےکی کوشش کررہے ہیں  میں بھی اسی طرح عوام سے رابطہ میں رہتے ہوئے آپ کے مسائل کو حل کرونگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر کمٹہ حلقہ کے عوام ہمارے اُمیدوار سورج سونی کو ووٹ دے کر جیت دلائیں گے تویہ ہم  پر احسان  ہوگا اور ہماری حکومت عوام کے اس احسان کا بھرپور بدلہ دے گی۔

جے ڈی ایس امیدوار سورج سونی کی طرف سے منعقدہ انتخابی تشہیری پروگرام بالکل قومی سطح کی سیاسی پارٹی کی طرح تھا بتایاجارہاہے کہ پروگرام میں خواتین سمیت جس طرح عوام کا ہجوم امڈ آیا تھا اس کو دیکھتےہوئے خود کمار سوامی نے دلی مسرت اور حیرت کا اظہارکیا۔


Share: